بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سال 2016ء کرپشن کی دوڑ میں پولیس کا اعزاز برقرار، ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے بھی دوسرا نمبر کسی کونہ لینے دیا، اینٹی کرپشن کو کرپشن کے حوالے سے سب سے زیادہ شکایات پولیس ڈیپارٹمنٹ کے متعلق موصول ہوئیں، تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن بہاولپور کی جانب سے مرتب کی گئی کرپشن کے حوالے سے موصول ہونے والی درخواستوں کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی سالوں کی طرح سال 2016ء میں بھی کرپشن کی دوڑ میں پہلانمبر پولیس ڈیپارٹمنٹ کاہی رہا، جس کے حوالے سے اینٹی کرپشن کو 872تحریری شکایات موصول ہوئیں جبکہ دوسرا نمبر بھی سابقہ سالوں کی روایت کے مطابق ریونیوڈیپارٹمنٹ کارہا جس کے حوالے سے اینٹی کرپشن کو 735تحریری کرپشن کی شکایات موصول ہوئیں۔ تیسرے نمبر پرلوکل گورنمنٹ رہی جس کے حوالے سے 358تحریری شکایات موصول ہوئیں جبکہ چوتھا اورپانچواں نمبر محکمہ اریگیشن اور محکمہ ایجوکیشن کارہا جن کے حوالے سے بالترتیب 321اور 299درخواستیں اینٹی کرپشن کوموصول ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے خلاف 209، جنگلات ڈیپارٹمنٹ کے خلاف 79، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے خلاف 75، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے خلاف 76، فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے خلاف 48، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے خلاف 44، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف 36، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے خلاف 31، محکمہ زراعت کے خلاف 23، لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے خلاف 28اوراوقاف ڈیپارٹمنٹ کے خلاف 15 شکایات موصول ہوئیں۔