لندن (نیوز ڈیسک)قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے انٹرنیشنل پارلیمنٹری کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں پارلیمانی اداروں کے استحکام کے لیے متحرک کردار ادا کرے یہ بات انہوں نے کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (سی پی اے)کے سیکرٹری جنرل اکبرخان سے لندن میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ فریقین نے پارلیمنٹرینز کی کپیسٹی بلڈنگ کے متعلق متعدد تجاویز پاکستان اور ہمسایہ ملکوں کے پارلیمنٹری سٹاف پاکستانی قانون سازوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کی نیشنل اسمبلی کا دفتر سی پی اے ایشیا ریجن کے سیکرٹریٹ میں ہے جس کے ارکان بنگلہ دیش اور سری لنکا بھی ہیں۔ 2012ء سے سی پی اے ایشیا ریجن کانفرنس کا انعقاد نہیں ہوسکا اس حوالے سے یہ طے پایا کہ اس کانفرنس کا انعقاد ہو۔ پاکستان کے لئے باعث تشویش ایشوز پر سی پی اے ہاٹ ٹاپک سیمینارز کے انعقاد کے آئیڈیا، لیجسلیٹیو ڈرافٹنگ، ای پارلیمنٹ کمیٹی کے استحکام اور پارلیمانی پروسیجرز پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر کے وژن اور پاکستان میں پارلیمانی اداروں کے استحکام کی خواہش کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کے سی پی اے سیکرٹریٹ سپیکر ایازصادق کے خیالات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ سپیکر ایاز صادق نے اکبرخان کو پاکستانی پارلیمنٹ کا حقیقی دوست قرار دیا۔