• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزدور کی کم ازکم اجرت 30 ہزار مقرر کی جائے،میرحاصل بزنجو

لاہور (جنرل رپورٹر)نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام لاہور میں منعقدہ لیبر کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مزدور کی کم ازکم  اجرت 30 ہزار روپے ماہانہ مقرر کی جائے۔ڈیلی ویج لیبر کنٹریکٹ ملازمین کوفوری مستقل کیا جائے ، لیبر یونینز کو فوری طور پر مستقل کیا جائے  پاکٹ یونین کو ختم کیا جائے ،اورہوم بیسڈ ورکرز کے لئے قانون سازی جلد از جلد کی جائے ۔ کانفرنس کی صدارت وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپبنگ مرکزی صدر نیشنل پارٹی سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کی جبکہ سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔  میر حاصل بزنجو نے کہاکہ بد قسمتی سے آج مزدور کی حالت ابتر ہے اور لوگ فاقہ کشی اور اعضاء بیچنے پر مجبور ہیں ، سرمایہ دارانہ اور جاگیر دارانہ نظام نے ہمارے نظام کی جڑیں ہلا کر رکھ دی ہیں ۔نیشنل پارٹی مزدوروں کسانوں ، محنت کشوں ، مظلوم و محروم طبقات کی جماعت ہے ۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی نے اپنے اڑھائی سالہ دور اقتدار میں مزدور اور مظلوم طبقے کی داد رسی کی بھر پور کوشش کی ہے ۔نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک نے کہاکہ حکمرانوں کی مزدور کش پالیسیوںکی وجہ سے آج مزدور زبوں حالی کا شکار ہے میرا آج حکمرانوں سے سوال ہے کہ وہ 14 ہزارماہانہ میں اپنے گھروں کا بجٹ بنا کر دکھائیں۔ صنعتی ملازمین کی پنشن 5500 سے بڑھا کر 10000 روپے کی جائے۔ لیبر کانفرنس سے دیگر رہنماوں طالب حسین ، شوکت چودھری ، زاہد آزاد ، سیف اللہ سیف ، فضل واحد ، مرتضی باجوہ ، رانا سلیم الطاف و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ 
تازہ ترین