گجرات،لالہ موسیٰ(نمائندہ جنگ) تھانہ کنجاہ کے گاؤں کوٹ غلام محمد کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 4ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تھانہ ٹانڈہ کی حدود میں واقع گاؤں بھیلووال کے بنیاد ی مرکز صحت میں 4ڈاکوؤں نے 29دسمبر کو دوران ڈکیتی 3لیڈی ہیلتھ ورکرز کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اورسامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پرپولیس نےکارروائی کرتے ہوئے چاروں ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیااور مال مسروقہ کی برآمدگی کے لئے پولیس انہیں کنجاہ لیکر جارہی تھی کہ ڈاکوؤں کے ساتھیوں نے انہیں چھڑانے کے لئے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چاروں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں میں بھیلوال کا رہائشی حسنین علی ،موہوٹا کلاں کا رہائشی افتخار احمد ،لیاقت علی سکنہ میوال اور محمد ارشد لاہوریا سکنہ چک 41سرگودھاشامل ہیں۔ فائرنگ کرنے والے ڈاکوؤں کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔