کراچی(اسٹاف رپورٹر) 62 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں بدھ کو ہاکی کلب میں نیشنل بنک اور پی آئی اے نے سوئی سدرن گیس اور سرکاری ٹی وی کو ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ کوارٹر فائنل میں پی آئی اے کے احسان اللہ نے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔نیشنل بنک اور سوئی سدرن گیس کا میچ خاصا دلچسپ ثابت ہوا، مقررہ تک دوں ٹیموں نے دو، دو گول بنائے جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پینلٹی شوٹ آئوٹ کا سہارا لیا گیا، مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے گول پر بھر پور حملے کئے، ان کے درمیان باڈی ڈاج اور گیند پر کنٹرول کا دلکش مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ مقررہ وقت تک این بی پی کی جانب سے اختر علی اور عتیق ارشد نے ایک، ایک سوئی سدرن کی جانب سے رضوان علی اور علی شان نے ایک گول اسکور کئے، پنالٹی شوٹ آئوٹ پر بنک کی طرف سے دلبر، ارسلان قادر، عتیق ارشد اور شان ارشاد نے ایک، ایک مرتبہ گیند کو جال میں پھینکا۔ حماد شکیل بٹ نے چانس ضائع کیا، سوئی سدرن گیس کی جانب سے علی شان اور عباس حیدر نے گول کا موقع ضائع کردیا۔ ذیشان اور رضوان نے گیند کو جال کی راہ دکھانے میں کامیاب رہے۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں پی آئی اے نے سرکاری ٹی وی کو بآسانی 8-1سے شکست دی، فاتح ٹیم کے احسان اللہ نے 18،36،58 منٹ میں تین گول بناکر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ ابوبکر، رانا سہیل، عاطف مشتاق، اویس الرحمان اور عرفان نے مزید ایک ایک گول داغ کر ٹیم کی جیت کو مستحم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، مخالف ٹیم کا واحد گول اعجاز احمد نے بنایا، جمعرات کو کھیلے جانے والے کوارٹرفائنلز میں دوپہر ایک بجے پاکستان واپڈا اور پورٹ قاسم، ساڑھے تین بجے پاکستان آ رمی اور پاکستان نیوی کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔