برسلز (عظیم ڈار)ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر نے یورپین سیروسیاحت کی نائب میئر مادام ڈولفین بوغیجس کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی یورپ میں سیروسیاحت اور دیگر امور پر سیرحاصل گفتگو کی اور انہیں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ فیڈریشن کمیونٹی کے اندر آگہی، مسائل کے حل اور پاکستان اور یورپ کے مابین اینٹی گریشن کے ذریعے تعلقات مستحکم کرنے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے انہوں نے کہا کہ سیرو سیاحت بہت ضروری ہے تاکہ انسان ذہنی بیماریوں سے محفوظ رہ سکے۔ برسلز کی یونین کونسل ایکسل کی نائب میئرمادام ڈولفین بوغیجس نے چوہدری پرویز اقبال لوسر کو اپنی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ پاکستانی و کشمیری کمیونٹی اپنے مسائل کے حل کیلئے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے پلیٹ فارم کو استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ذہنی سکون اور سیروتفریح سے انسان کی توانائیاں اسے جوان رکھتی ہیں جب کہ ہروقت مسائل کی دلدل میں پھنسے رہنے سے انسان بیمار ہوجاتاہے۔ دریں اثناء چوہدری پرویز اقبال لوسر نے مادام ڈولفین بوغیجس کو 27جنوری کو کشمیر بلیک ڈے اور پاکستانی مسائل کے عنوان میں منعقدہ پروگرام میں مدعو کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ مقبوضہ وادی کشمیرپاکستان اور ہندوستان کے مابین ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ اور کشمیری قوم پچھلے 69سال سے بے شمار مسائل اور قتل و غارت گری کا نشانہ بنتے چلے آرہے ہیں اور بھارت جو اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت قراردیتا ہے اس نے وادی کشمیر کے اندر اندھیری نگری مچارکھی ہے۔ اور کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جما کر کشمیری قوم کو اپنا غلام بنارکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یورپی یونین کو کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور بھارت کی جانب سے غیرانسانی سلوک اور ظلم وستم کو رکوانے کیلئے کانفرنسیز ورکشاپس مباحثوں کے ذریعے انہیں انکا حق دلوانے کی کوششیں کررہے ہیں۔ مادام ڈولفین نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں مقیم کشیری کمیونٹی اپنی نئی نوجوان نسل کو تعلیم و تربیت اور سیروسیاحت کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ کشمیر کی آزادی کے ساتھ ساتھ اپنی ذہنی نشونما کو بھی برقرار رکھ سکیں۔