سرگودھا(نامہ نگار )محکمہ داخلہ حکومت پنجاب نے سرگودھا ریجن کے 5خطرناک مفرور اشتہاری ملزمان کے سروں کی قیمتیں مقرر کردیں۔ ڈی آئی جی سرگودھا ریجن نے ملزمان کو زندہ یا مردہ گرفتار کرنے کیلئے پولیس کو ٹاسک بھی دیدیا۔پولیس ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ حکومت پنجاب نے ضلع سرگودھا کے 3جبکہ ضلع میانوالی کے 2خطرناک مفرور اشتہاری ملزمان کے سروں کی قیمتیں مقرر کر دی ہیں۔ قتل اقدام قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب 45 جنوبی کے خطرناک اشتہاری فاروق کے سر کی قیمت 20لاکھ مقرر کی گئی، 41 شمالی کے رہائشی اشتہاری محمدخان کے سر کی قیمت 15لاکھ جبکہ کوٹ راجہ کے عامر شہزاد کے سر کی قیمت 5لاکھ مقرر کی گئی۔ میانوالی کے علاقہ داؤد خیل اور موسیٰ خیل کے رہائشی شکیل خان اور عبدالرحمان کے سروں کی قیمتیں پانچ، پانچ لاکھ مقرر کی گئی ہیں۔قبل ازیں آر پی او سرگودھا ریجن کی زیر صدارت اجلاس میں مذکورہ اشتہاریوں کے سروں کی قیمتیں مقرر کرنیکی سفارش کی گئی تھی۔