ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان میٹرو بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ، پہلے روز میٹرو سٹیشن شہریوں سے بھر گئے ۔ ٹکٹ بوتھ پر لمبی لائنیں لگ گئیں ، 50 ہزار سے زائد افراد نے سفر کے مزے لئے، لاہور کے شہریوں کے لئے میٹرو بس کے افتتاح پر ایک ماہ کا مفت سفرکرنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ ملتان میٹرو بس سروس کےافتتاح پر ہی شہریوں کے لئےٹکٹ لازم کر دیا گیا ، میٹرو انتظامیہ نے پہلے روز ملتان کے شہریوں سے تقریباً 10 لاکھ روپے وصول کر لئے،معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز سہ پہر کو میٹرو بس سروس کا آغاز کیا گیا جس کے اعلان پر ملتان کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد میٹرو سٹیشنوں پر جمع ہو گئی ، سب سے زیادہ تعداد چونگی نمبر 9 پر جمع رہی اور زیادہ ٹکٹ بھی چونگی نمبر 9 میٹرو سٹیشن سے جاری کئے گئے ، شہری میٹرو بس میں سوار ہو کر قریبی عمارتوں کے افراد اور روٹ کے ارد گرد موجود افراد کی طرف ہاتھ ہلا کر خوشی کا اظہار کرتے رہے ، شہریوں کے رش کی وجہ سے میٹرو سٹیشنوں پر رکھے گئے پھولوں کے گملے ٹوٹ گئے اور میٹرو سٹیشنوں پر صفائی کی صورتحال بھی خراب رہی ، علاوہ ازیں میٹرو سٹیشنوں پر عملہ پرائیویٹ کمپنیوں کی طرف سے تعینات کیا گیا تھا ۔شہریوں نے کہا کہ لاہور کی طرح ملتان میں بھی پہے روز مفت سفر کی سہولت ہونی چاہئے تھے۔