کوئٹہ(پ ر)جمعیت علمائے اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے لورالائی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بچے اسلام آباد میں اپنے حقوق کیلئے احتجاجی دھرنا دے رہے ہیں لیکن حکمران پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنے کا نوٹس نہیں لے رہے انہوں نے کہا کہ لورالائی کے رہائشی مظاہرین کو دوبارہ آباد کیا جائے انہوں نے کہا کہ ملک میں اندھیرنگری ہے ہر شخص اور افسر اپنے بس کے مطابق ظلم کر رہا ہے یہاں انصاف کے حصول کیلئے شہری اپنے بچوں کو فروخت پر مجبور ہو رہے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں ان کا حق واپس نہیں ملتا۔جس کی مثال لورالائی کے رسالہ لائن کے ر ہائشی ہیں انہوں نے کہا کہ عجیب حکمران ہیں انہیں اپنی رعایا پر ہونیوالے مظالم اور تکالیف کی کوئی فکر نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ احتجاجی دھرنے میں شریک خواتین اور بچے سخت سردی اور برف باری میں کھلے آسمان تلے اسلام آباد میں دھرنا دیئے بیٹھے ہیں لیکن کوئی ٹس سے مس نہیں ہو رہا اس طرح کے حکمرانوں سے عوام کو خیر کی توقع نہیں ہونی چاہئے ۔