کراچی(اسٹاف رپورٹر) سوئی سدرن گیس نے اپنی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی تجربہ کار فاروڈر شکیل عباسی کو اپنی ٹیم سے فارغ کردیا ہے۔ شکیل عباسی نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ادارے کو بتائے بغیر اپنے علاج کے سلسلے میں انگلینڈ چلے گئے تھے جس پر انہوں نے معذرت بھی کی مگر انہیں ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بتائے بغیر اپنی گروئن انجری انگلینڈ میں موجود فزیو کو دکھانے کے لیے وہاں گئے تھے جس پر وہ معافی بھی مانگ چکے ہیں۔ انہوں نے ایم ڈی سوئی گیس سے بھی رابطہ کیا مگر ان کی بات اور معافی کو قبول نہیں کیا گیا۔ شکیل عباسی نے قومی ہاکی ایونٹ پورٹ قاسم کی جانب سے حصہ لیا۔ شکیل عباسی نے 400سے زائد ایونٹ نیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 200سے زیادہ گول ان کے ریکارڈز پر ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامیہ نے اس حوالے سے سوئی گیس کے حکام سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔