لاہور(نیوز رپورٹر)اینٹی کرپشن حکام نے قصور اراضی سکینڈل کی تحقیقات کے لئے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن انویسٹی گیشن ڈاکٹر فرحان زاہد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔جنہوں نے گزشتہ روز باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سپریم کورٹ سے ضمانتیں خارج ہونے پر قصور میں کروڑوں روپے مالیت کی1204کنال سرکاری زمین ہتھیانے کے الزام میں سابق ایڈیشنل کلیکٹر عامر عقیق، حساس ادارے کے سابق بر گیڈیئر ابراہیم خالد، سابق رکن اسمبلی کے بیٹے سلمان منج، پٹواری جلیل، نائب تحصیلدار پرویز، بابا اسلم سمیت8ملزمان کو گرفتار کر کے لاہور شفٹ کر دیا اور ملزمان کا ریمانڈ لینے کے بعد تفتیش شروع کر دی ہے اور گزشتہ ورز اینٹی کرپشن کی ٹیم نے گرفتار ملزمان سے الگ الگ تفتیش کی جس پر ملزمان اینٹی کرپشن ٹیم کے بعض سوالوں کے جواب نہ دے سکے، ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن نے ملزمان سے زمین کے جعلی کاغذات تیار کرنے کے حوالے سے سوال و جواب کئے، اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق اراضی سکینڈل میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔