اسکردو( نامہ نگار) گلگت بلتستان کا ملک بھر سے زمینی اور فضائی رابطہ 3روز سے منقطع ہے۔ شاہراہ قراقرم جگلوٹ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کیلئے بند ہوگئی تھی جسے بحال کرنے کیلئے تین روز بعد بھی کام شروع نہیں کیا جاسکا۔ شاہراہ کی بندش کے باعث گلگت بلتستان کا ملک کیساتھ زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا ہےاور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے اسلام آباد جانے اور گلگت بلتستان آنے والے ہزاروں مسافر جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جگلوٹ اور گلگت میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ تین روز سے لگاتار معمول کی پروازیں بھی منسوخ ہورہی ہیں جس سے فضائی سفر کے خواہشمند مسافر گلگت، سکردو اور اسلام آباد میں پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ دوسری جانب گورنر پیر کرم علی شاہ ، وزیر اعلی ٰگلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان سمیت متعدد وزراءاور بیوروکریٹس بھی طویل عرصے سے اسلام آباد میں مقیم ہیں جس کے باعث سرکاری معمولات بری طرح متاثر ہور ہے ہیں۔سکردو سے بچوں کو اسلام آباد علاج کیلئے لے جانے کیلئے سڑک کی بحالی کے منتظر افضل حسین نے جنگ کو بتایا کہ گلگت بلتستان میں حکمرانی کا یہ حال ہے کہ اہم ترین شاہراہ کھولنے والا کوئی نہیں اور لوگ پہاڑوں میں ہی مقید ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ حکمران علاقے سے غائب ہیں۔