• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گھارو (نامہ نگار) ضلع ٹھٹھہ کے 1420فیڈر اساتذہ گزشتہ 4 سال سے تنخواہوں سے محروم، عدلیہ کے حکم کے باوجود محکمہ تعلیم انھیں تنخواہوں کی ادائیگی میں ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ٹھٹھہ کے 1420فیڈر اساتذہ جو کہ باقاعدگی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں مگر محکمہ تعلیم نے انکی4برس سے تنخواہیں ادا نہیں کی ہیں۔ اس مد میں فیڈر ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ضلعی رہنمائوں غلام مصطفی جاکرو، سلیمان میمن، اللہ بچایو خاصخیلی اور دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے 1420 فیڈر ٹیچرز ضلع کے مختلف اسکولوں میں باقاعدگی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں جس کی تصدیق ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ نے بھی کی ہے مگر محکمہ تعلیم گزشتہ 4 برس سے انکی تنخواہیں ادا نہیں کر رہا جس کے لیے انہوں نے سندھ ہائی کورٹ میں بھی پٹیشن داخل کی اور تمام کارروائی کے بعد ہائیکورٹ نے محکمہ تعلیم کو تنخواہیں ادا کرنے کا حکم بھی دیا اس کے باوجود محکمہ تعلیم تنخوائیں ادا کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے جس کے باعث اساتذہ کے اہل خانہ فاقہ کشی سے دوچار ہیں۔ انہوں نے گورنر سندھ اور سیکریٹری تعلیم سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ اساتذہ کو محکمہ تعلیم میں ضم کر کے انھیں 4سال کی تنخواہیں ادا کی جائیں ۔
تازہ ترین