راولپنڈی( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان لوٹا ہے تاہم جس دن انہوں نے سچ بولا وہ ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا۔ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ مودی نے ہمارا پانی اور ٹرمپ نے ہمارا ویزہ بند کردیا جب کہ نواز شریف کوسوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہونے والی عالمی اقتصادی فورم کانفرنس میں کسی نے پوچھا تک نہیں اور انہوں نے واپس آکر سارا غصہ کسی اور پر نکال دیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو لوٹا ہے اور جس دن انہوں نے سچ بولا وہ ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا۔شیخ رشید نے کہا کہ ساہیوال کی دھرتی تباہ کی جارہی ہے، کوئلے کے استعمال سے آئندہ کی نسلیں اپاہج ہوں گی، اگلے 10 سال تک مزید بجلی مت دو لیکن نسلوں کو تحفظ دو انہوں نے کہا کہ اگرحکومت نے مجھ سے لال حویلی لے لی تو میرا نام بدل دینا۔