خیرپور (بیورو رپورٹ ) وکیل فیاض خمیسانی کی بازیابی کے لیے وکلاء نے ڈسٹرکٹ بار کے دفتر سے ایس پی آفس تک احتجاج ریلی نکالی ریلی میں شریک وکلاء ایس پی آفس کے سامنے پہنچ کر سکھر نواب شاہ روڈ پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے ریلی اور دھرنے کی قیادت ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن کے سابق صدر منظور حسین انصاری سابق جنرل سیکریٹری سید جعفر علی شاہ اور امداد خمیسانی کر رہے تھے۔ احتجاج کے دوران وکلاء نے روڈ پر ٹائر بھی جلائے جس کی وجہ سے دونوں طرف کا ٹریفک بند ہو گیا۔ وکلاء فیاض خمیسانی کی بازیابی کے لیے نعرے بازی کر رہے تھے۔ منظور حسین انصاری نے اس موقع پر کہاکہ وکیل فیاض خمیسانی کو 18 روز قبل نامعلوم افراد گھر سے شہر کی طرف جاتے ہوئے فوجداری روڈ سے جبری اٹھا کر لے گئے اس کے بعد وکیل فیاض خمیسانی لاپتہ ہیں۔ وکیل کے ساتھ اس طرح کے واقعے پر وکلاء برادری میں بڑی تشویش ہے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم ،چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف جسٹس آف پاکستان وکیل فیاض خمیسانی کو لاپتہ کرنے کے واقعے کا ہنگامی بنیادوں پر نوٹس لیں اور ان کو فوری بازیاب کرانے میں کردار ادا کریں۔