بھمبر ( نامہ نگار) ایس ایچ او تھانہ سٹی بھمبر کی کارروائی، انتہائی مطلوب اشتہاری راولپنڈی سے گرفتار، اشتہاری نے 2011 برسالی گائوں میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل جبکہ محمد شفیع کو شدید زخمی کر دیا تھا اور موقع واردات سے فرار ہو گیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی بھمبر محمد یاسین بیگ نے ڈی ایس پی راجہ ندیم عارف اور ایس ایچ او سٹی تھانہ بھمبر سہیل یوسف کے ہمراہ صحافیوں کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا کہ اشتہاری اشرف فوجی ولد محمد دین ساکن برسالی نے 2011 میں برسالی گائوں کے اندر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے 3 افراد فضل حسین، بلال احمد اور محمد حسین کو قتل کر دیا تھا جبکہ فائرنگ کے نتیجہ میں محمد شفیع نامی بزرگ شہری شدید زخمی ہو گئے تھے فائرنگ کے بعد مرکزی ملزم اشرف موقعہ واردات سے فرار ہو گیا تھا اور بعد میں قتل ہونیوالے افراد کے دیگر اہلخانہ کو بھی جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیتا رہا ۔ ا ایس ایچ او سٹی تھانہ بھمبر سہیل یوسف نے ڈی ایس پی راجہ ندیم عارف کی نگرانی میں بھر پور محنت کی جسے انتہائی راز داری کیساتھ ٹریس کر لیا گیا جس پر ایس ایچ او سہیل یوسف نے اپنی چھاپہ مار ٹیم کے ہمراہ راولپنڈی کے علاقہ روات میں ایک مکان سے گرفتار کر لیا ہے جسے سٹی تھانہ بھمبر منتقل کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھمبر پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر رہی ہے بہت جلد اور بھی اشتہاری پولیس کے شکنجہ میں ہونگے ۔