راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر )ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد وصال فخر سلطان راجہ نے منگل کو ضلع چکوال کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے چوآسیدن شاہ میں 28جنوری کو ہونے والے تہرے قتل کیس کی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ۔ آر پی او نے ڈنڈوت میں تہرے قتل کیس کی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور پسماندگان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ میں ملوث ملزموں کو فوری گرفتار کر کے لواحقین کو انصاف مہیا کیاجائے گا۔بعد ازاں ریجنل پولیس آفیسر نے ڈی ایس پی چوآسیدن شاہ کے دفتر میں پولیس افسران سے میٹنگ کی۔ ڈی پی او چکوال نے تہرے قتل کیس کی تفتیش میں پیش رفت کے متعلق بریفنگ دی اس موقع پر آر پی او نے ڈی ایس پی چوآسیدن شاہ اور ایس ایچ او تھانہ چوآسیدن شاہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کیس میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔