• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی، پی آئی اے اور نیشنل بنک کے کھلاڑیوں کے در میان مار پیٹ، کئی کھلاڑی زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہفتے کو ہاکی کلب میں کھیلے جانے والےقومی ہاکی چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیشنل بینک کے کھلاڑیوں کو پی آئی اے کے ہاتھوں ہار برداشت نہ ہو ئی اور این بی پی کے کھلاڑی نے ہاکی مار کر قومی ایئر لائن کے پلیئر کو زخمی کردیا۔ چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن ( پی آئی اے ) اور نیشنل بینک کی ٹیمیں آمنے سامنےتھیں ، دونوں ٹیموں نے اچھے کھیل کیا مظاہرہ کیا ، پی آئی اے نے پہلا گول کرکے میچ میں برتری حاصل کی جس کے بعد دونوں ٹیمو ں کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے میں آیا اور اس دوران نیشنل بینک کے ایک کھلاڑی نے پی آئی اے کے پلیئر کو ہاتھ پر ہاکی دے ماری لیکن خوش قسمتی سے انہیں زیادہ چوٹ نہ آئی ، میچ کے بعد جب فاتح پی آئی اے ٹیم ہاتھ ملانے کے لیے نیشنل بینک کے کھلاڑیوں کی جانب گئی تو ہار کے بعد غصے کے مارے نیشنل بینک کے اختر علی نے اپنی ہاکی پی آئی اے کے یاسر کو ماری جس سے ان کا سر پر چوٹ آئی جبکہ ایک کھلاڑی اراسلان قادر بھی زخمی ہوئے ، اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کئی کھلاڑی آپس میں گتھم گتھا ہوئے جنہیں مشکل سے الگ کروایا گیا ،اسی دوران دونوں ٹیموں کی ٹیم مینجمنٹ بھی میدان میں کود پڑی اور ایک دوسرے پر تھپڑوں اور گالیوں کی بارش کرنے کے ساتھ ساتھ مخالف ڈپارٹمنٹ کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ میدان میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب دونوں ٹیموں کے درمیان جھگڑا ہو گیا، ہاکیاں چلیں اور گالم گلوچ بھی خوب ہوئی۔ کھلاڑیوں کے اس جارحانہ انداز سے کئی پلیئرز زخمی بھی ہوئے۔ اسپورٹس مین سپرٹ سے عاری ان کھلاڑیوں پر پابندی کا بھی امکان ہے جبکہ ٹورنامنٹ ڈائیریکٹر قمر ابراھیم نے جیوری کو رپورٹ دینے کیلئے بھی کہا ہے، جس کے بعد جرمانہ یا پابندی کا فیصلہ کیا جائے گا،ایونٹ کی انتظامیہ نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو گراؤنڈ سے نکال دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ہر حال میں اسپورٹس مین ا سپرٹ کا مظاہرہ کر نا چاہیے ، میچ آفیشلز نے واقعے کی وڈیو منگوا لی ہے جسے دیکھنے کے بعد ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان واپڈا اور آرمی کے کھلاڑیوں نے امپائرز کے فیصلوں پر اعتراض کیا جس کی وجہ سے میچ میں دو سے تین بار خلل پیدا ہوا۔
تازہ ترین