عرفان صدیقی...جاپان کی معروف کاروباری تنظیم پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے تو دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
یہ بات رانا عابد حسین نے پاک جاپان بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں پاکستانی و جاپانی کاروباری اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
رانا عابد حسین نے کہا کہ گوادر میں بہت سے شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کے مواقع ہیں خاص طور پر علاقائی تجارت کے لیے گوادر بہت بڑی منڈی ثابت ہوسکتی ہے جس کے لیے حکومت کو چاہیے کہ گوادر میں زیادہ سے زیادہ دبئی کی طرز کے ری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون قائم کیے جائیں۔
رانا عابد حسین نےکہا کہ وہ عنقریب ایک بڑے جاپانی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ جاپانی سرمایہ کاری لائی جاسکے۔