شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)شدید مالی بحران کے باوجود بلدیہ شیخوپورہ کو سابق ٹی ایم اے کے 26کروڑ روپے سے زیادہ کے واجبات کی ادائیگی کے بوجھ کا بھی سامنا کرنا پڑگیا ہے اس صورت حال سے بلدیہ شیخوپورہ کے چیف آفیسر عزیز انور نے چیئرمین میاں امجد لطیف کو بھی آگاہ کردیا ہے ، باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ سابقہ تحصیل کونسل نے دو سال قبل ماہ رمضان المبارک کے دوران خریدی جانیوالی اشیاء کی قیمت کے 117.736ملین روپے کی ادائیگی بھی نہ کی ہے جس کے بلوں پر سابق ایڈمنسٹریٹر سارہ عمر نے تحفظات کا اظہار کیا تھا مگر بعدازاں کمشنر لاہور ڈویژن نے تحقیقات کروانے کے بعد ان بلوں کی ادائیگی کرنے کی اجازت دیدی مگر ان کی عدم ادائیگی کی بنا ء پر یہ سامان فراہم کرنیوالی فرم نے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرلیا ہے ،ذرائع کے مطابق بلدیہ شیخوپورہ نے اس صورت حال سے حکومت پنجاب کو بھی آگاہ کرتے ہوئے واجبات کی ادائیگی کیلئے خصوصی گرانٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔