سرگودھا(نمائندہ جنگ)وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر اشتیاق احمد نے یونیورسٹی اساتذہ اور ملازمین میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی کے لئے مقدار کی بجائے کوالٹی کو مدّنظر رکھنا چاہیے اور ہمیں اپنے ادارے میں بھی یہی کرنا ہے۔یونیورسٹی آف سرگودھا تعلیمی تحقیق کے ساتھ معاشرتی حوالے سے پاکستان کی بہترین جامعہ ہے جس کی وجہ یہاں کے باصلاحیت اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل اساتذہ اور عملہ ہے ۔ دورِ حاضر میں ہر شعبہ جدّت اختیار کر چکا ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی شعبہ ترقی نہیں کر سکتا ۔ لیپ ٹاپ کا استعمال خالصتاََ علمی سطح پر ہونا چاہیے ۔ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے کہا کہ لیپ ٹاپ تقسیم کا یہ دوسرافیز ہے جس میں 71ملازمین شامل ہیں اور گریڈ 7سے اوپر کے ملازمین کو بلاسود آسان اقساط پرمطلوبہ معیار اہلیت پر پورا اترنے والوں کو یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اس موقع پرحافظ محمد عالم بھی موجود تھے ۔