لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو آپس میں لڑنے کی بجائے کرپشن ، مہنگائی ، بے روزگاری اور غربت کے خلاف مل کر لڑنا چاہیے، حکمران خاندان پاناما کیس میں تکنیکی اور قطری خطوط کا سہارا لے کر حقائق کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے، قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے سے اہم کام کوئی نہیں ہو سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جسٹس عظمت سعید کی بیماری کی وجہ سےپاناما لیکس کی سماعت ملتوی ہو گئی ہے، دوبارہ سماعت پر 3 سے 4 دن میں فیصلہ ہو جائے گا،ہماری دعا ہے کہ جسٹس عظمت سعید جلد صحت یاب ہوں اور پانامہ لیکس مقدمہ جلد اپنے اچھے انجام تک پہنچ جائے ، ہماری جنگ کرپشن کے خلاف ہے ۔ سراج الحق نے کہا کہ پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد معلوم ہوا کہ کرپشن میں حکمران خاندان بھی شامل ہے ،کرپشن کرنے والا حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں سب کا احتساب ہونا چاہیے ، پانامالیکس میں جن 6 سو پاکستانیوں کے نام آئے ہیں ان کا احتساب بھی ضروری ہے ، ہماری عدالت سے استدعا ہے کہ وہ ہماری دوسری پٹیشن کو بھی اس کے ساتھ سنے۔