• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران ہوش کے ناخن لیں،گالیاں دینےسے کوئی وزیراعظم نہیں بن جاتا،حمزہ شہباز

لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ بھانت بھانت کی بولیاں بولنے والوں اور خو دساختہ حساب مانگنے والوں کو علم ہونا چاہیے کہ ہم مشرف دور میں 8سال تک تلاشی دیتے رہے ہیں، جب اٹک کے قلعے میں جمہوریت کیلئے صعوبتیں برداشت کی جارہی تھیں عمران خان تب بھی وزیر اعظم بننے کا خواب لیکر مشرف کے ریفرنڈم کی حمایت کررہے تھے، عمران خان ہوش کے ناخن لیں ،الزام تراشیاں کرنے ،دھرنا دینے ،لانگ مارچ اور احتجاجی سیاست کرنے والوں کو علم ہونا چاہیے کہ گالیاں دینے اور بے بنیاد الزام لگانے سے راتوں رات وزیر اعظم نہیں بنا جاتا اس کیلئے عوام کی خدمت کر کے لوگوں کے دلوں میں گھر کرنا پڑتا ہے۔ حمزہ شہبازنے یہاں الحمرا کلچرل کمپلیکس میں مسلم لیگ(ن) کے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے رہے تھے۔ سعد رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیت کو اکثریت پر مسلط نہیں ہونے دینگے، تبدلی ووٹ سے آئے گی ہم ووٹوں سے آئے ہیں اور ووٹو ں سے ہی جائینگے۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ آج پھر حساب کتاب کا تماشہ ہورہاہے اور اس ادارے کا حساب مانگا جارہا ہے جو 70کی دہائی میں جنوبی ایشاء کا سب سے بڑا ادارہ تھا جبکہ اس وقت نوازشریف وزیر اعلیٰ تھے اور نہ ہی وزیر اعظم ۔ حمزہ شہبازنے کہاکہ عمران خان سن لو مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں ایک مزدور کا پوتا ہوںاور میرے دادا نے مزدوری کرکے پاکستان کا نام روشن کیا ۔حمزہ شہباز نے کہاکہ نیب کے دفتر کے باہر چھ چھ گھنٹے بیٹھ کر احتساب کا سامنا کیاہے لیکن ہمارے خلاف کوئی ثبوت نہیں لاسکے ۔انہوں نے کہا کہ اقتدارکی باری کاانتظار کرنے والوں کو اب ملک کو ترقی کی باری دینا ہوگی ۔عمران خان کو اپنے دوغلے پن پر غور کرنا چاہیے اور خبیر پختون خواہ میں قیمتی پتھر کے ٹھیکوں،خیبر بنک، نیب اور اپنے وزیر کو کرپشن کے الزام پر فارغ کرنے اور پھر واپس لینے کا جواب دینا چاہیے ۔
تازہ ترین