• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران ہوش کے ناخن لیں، کتنے ڈھونگ رچائیں گے ،حمزہ شہباز

لاہور(خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ  عمران خان ہوش کے ناخن لیں کتنے ڈھونگ رچا ئیں گے  ۔بھانت بھانت کی بولیاں بولنے والوں اور خو دساختہ حساب مانگنے والوں کو علم ہونا چاہیے کہ ہم مشرف دور میں 8سال تک تلاشی دیتے رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار حمزہ شہبازنے  الحمرا کلچرل کمپلیس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نےکہا کہ آج پھر حساب کتاب کا تماشہ ہورہاہے اور اس ادارے کا حساب مانگا جارہا ہے جو 70کی دہائی میں جنوبی ایشاء کا سب سے بڑا ادارہ تھا جبکہ اس وقت نوازشریف وزیر اعلیٰ تھے اور نہ ہی وزیر اعظم ،بلکہ گورنمنٹ کالج کے طالب علم تھے ۔ حمزہ شہبازنے کہاکہ میں ایک مزدور کا پوتا ہوں اور میرے دادا نے مزدوری کرکے پاکستان کا نام روشن کیا ۔حمزہ شہبا ز نے کہاکہ میاں نوازشریف کے ہاتھ اور پائوں باندھنے کی سازش کرنے والوں کو جواب دینا چاہیے کہ کیا ان کا قصورپاکستان کو ایٹمی قوت بنانا یا اس وقت مو ٹر وے کی تعمیر کرنا ہے جب اس خطے میں اس کا تصور نہیں تھا ۔   کارکن پارٹی کی اصل طاقت ہیں اور میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ میاں نوازشریف صرف وزیر اعظم ہی نہیں قومی لیڈر ہیں ہم ان کی تضحیک کی اجازت نہیں دیں گے۔ہمارے مخالف بائولے ہوگئے ہیں اقلیت کو اکثریت پر مسلط نہیں ہونے دیں گے گالی اور گولی کا راج نہیں مانیں گے ۔مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر پرویز ملک نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان کی ترقی سے خائف قوتوں کی سازشیں ناکام ہوں گی ،شائستہ پرویز ملک نے کنونشن کی طرف سے وزیر اعظم میاں محمدنوازشریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کی قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیاگیا ۔
تازہ ترین