گھوٹکی میں دلہابارات لے کرپہنچا تو دلہن اور اس کے گھر والے غائب ہوگئے جس کے بعددلہا نے باراتیوں سمیت دھرنا دے دیا۔
نواحی گاؤں غلام قادر لغاری میں بلاول لغاری سہرا سجا کر دلہن لینے کے لئے بارات سمیت سسرال پہنچا تو دلہن کے ورثہ نے بدلے میں ایک رشتہ اور دینے کا مطالبہ کردیا۔
بات نہ بنی تو دلہن اور ورثہ گھر کے پچھلے راستے سے گاؤں ہی چھوڑگئے ۔
بلاول لغاری کا کہنا ہے کہ پندرہ سال قبل اس کی بہن روبینہ کی شادی اس کے سالے اعجاز کے ساتھ ہوگئی اور اس کا نکاح پروین سے کیا مگر رخصتی نہیں ہوئی ،آج جب اپنی دلہن کو لینے آیا تو دلہن سمیت ورثا گھر چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔
ہاتھوں پر مہندی ،گلے میں ہار ڈالے دلہے نے دلہن کے گھر کے سامنے باراتیوں سمیت احتجاج شروع کردیا ہے ۔اس کا کہنا ہے کہ وہ دلہن لیکر ہی جائے گا۔