گھارو (نامہ نگار) ٹھٹھہ شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے محکمہ آبپاشی حکام کی جانب سے نہروں کی وارہ بندی کی پیشگی اطلاع کے باوجود میونسپل اور تعلقہ انتظامیہ نے توجہ نہ دی۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ شہر میں گذشتہ ایک ہفتے سے پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے مساجد میں وضو کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں جبکہ شہری پانی خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہیں شہر میں پانی کا ٹینکر 2ہزار روپے میں اور فی کین 30 سے 40روپے میں دستیاب ہے پانی کے بحران کا سبب محکمہ آبپاشی کی جانب سے نہروں اور شاخوں کی صفائی کے لیے 15 روز تک پانی کی سپلائی معطل ہونے کی وجہ سے ہے اور اسکی پیشگی اطلاع میونسپل اور تعلقہ انتظامیہ کو دی گئی تھی مگر متعلقہ حکام نے اس جانب توجہ نہ دی اور شہر کو پانی سپلائی کرنے والے 6 تالابوں کو بھر کر پانی کا ذخیرہ بھی نہیں کیا گیا جس کے باعث اب شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے شہری حلقوں نے ارباب اختیارسےمتعلقہ انتظامیہ کی اس غفلت کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئےکہا ہے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔