پشاور( سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر نیت کا سٹی سکین چاہئے تو عدالت کے سامنے کھڑے کرپشن کے ہاتھی کا الٹرا ساؤنڈبھی ہونا چاہئے، اب اس ملک میں مستقبل صرف اور صرف اسلامی انقلاب اور جماعت اسلامی کا ہے اب کرپٹ سسٹم اور سٹیٹس کو کاخاتمہ ہوگا،پانامہ کیس میں میں عدالت میں فریق نہیں،عدالتی فیصلے کو تسلیم کرینگے، توقع ہے فیصلہ عوام کے حق میں ہوگا،وزیر اعظم اور انکے بچوں کی جانب سے ایک دوسرے کو 52کروڑکے تحفوں کی خبروں سے شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں ،لگتا ہے دال میں کچھ کالا ہے میں یہی چاہتا ہوں کہ دال ایک طرف ہو کالاکالا دوسری طرف۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمکنی پشاور میں مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی ،امجد خان ولد میجر دوست محمد ،سینئر نائب صدر مسلم لیگ ق قاری سیف اللہ اور ولی خاقن چمکنی کے خاندان اور صوبہ بھر میں انکے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انتخاب خان چمکنی نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا، سراج الحق نے کہا کہ اب کرپٹ پارٹیاں عوام کو سبز باغ دکھا کر مزید گمراہ نہیں کرسکیں گے۔