اسلام آباد (خبر نگار) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل(ر) پرویز مشرف نے ملکی سیاست میں بھرپور انداز میں اپنا کردارادا کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ، اس سلسلے میں انہیں پارٹی کے مضبوط اور موثر میڈیا سیل کے قیام کے حوالے سے دبئی میں بریفنگ دی گئی جس میں سوشل ، پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے موثر استعمال اور منصوبہ بندی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر نائب صدر میجر جنرل(ر) راشد قریشی اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد سمیت اے پی ایم ایل متحدہ عرب امارات کے چیف آرگنائزر محمد غوث شہزادبھی موجود تھے ۔ اس موقع پرویز مشرف نے کہا کہ وہ ملک کو درپیش گونا گوں مسائل کا حل پیش کرنا چاہتے ہیں۔ اس وقت ملک بدامنی ، خراب معاشی صورتحال ، غربت اور مہنگائی جیسے کئی مسائل کا سامنا کر رہا ہے، موجودہ حکومت یہ مسائل حل کرنے میں بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کئی ایک بڑی سیاسی شخصیات رابطے میں ہیں، بہت جلد ایک تیسری سیاسی قوت سامنے لائیں گے جو ملک و قوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردارادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءکے انتخابی میدان میں پارٹی کوپوری تیاری کے ساتھ اتارنے کیلئے جدید تکنیک کو موثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔