• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے ایل این جی پلانٹ گوادر میں تعمیر کیا جائے گا

اسلام آباد (اے پی پی)قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے ایل این جی پلانٹ گوادر کے مقام پر تعمیر کیا جائے گا، گزشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان نے امریکہ ‘ برطانیہ سمیت دنیا کے کئی ممالک کو اسلحہ فروخت کیا، اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت بلوچستان میں 7 شاہراہیں زیرتعمیر ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نعیمہ کشور خان کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری شہزادی عمرزادی ٹوانہ نے ایوان کو بتایاکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے ایل این جی پلانٹ گوادر کے مقام پر تعمیر کیا جائیگا۔ محترمہ نسیمہ کے سوال کے جواب میں وزارت مواصلات کی جانب سے شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت بلوچستان میں 7شاہراہیں زیرتعمیر ہیں۔ 376 کلو میٹر ایم 8 کا کام 83.6 فیصد، این 85کا 51 فیصد، این 25 کا 88 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ این 50 پر کام کا آغاز فروری میں متوقع ہے۔قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں سال 2015ء میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے 514 کیسز موصول ہوئے، ان میں تیزاب سے جلانا، گھریلو تشدد، آبرو ریزی، بچوں اور خواتین کے خلاف تشدد کے کیسز شامل ہیں۔ وقفہ سوالات کے دوران وزارت انسانی حقوق کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ تیزاب سے جلانے کی دس ‘ گھریلو تشدد 46‘ غیرت کے نام پر قتل یا جرائم 20‘ اغواء 35‘ قتل 53‘ گمشدہ ایک‘ زنا بالجبر 68‘ تشدد 64‘ بچوں سے زیادتی 23 کے علاوہ دیگر 194 جرائم شامل ہیں۔وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں 65 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں اور ان کو ووٹ کا حق دینے کیلئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں‘ پارلیمانی اصلاحات کمیٹی اس کا جائزہ لے رہی ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران انہوں نے کہا کہ 65 لاکھ پاکستانی بیرون ممالک رہتے ہیں ان کو ووٹ کا حق دینے کے لئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ سفارتخانے میں پولنگ سٹیشن قائم کرنے‘ پوسٹل بیلٹ کی سہولت دینے سمیت دیگر آپشن زیرغور ہیں۔ پارلیمانی اصلاحات کمیٹی میں یہ نکتہ بھی شامل ہے تاکہ ان کو ووٹ کا حق دیا جائے۔ سعودی عرب میں سب سے زیادہ پاکستانی قیام پذیر ہیں۔ یہاں کے پاکستانیوں کے لئے ایسی اسٹریٹجی بنائی جاسکتی ہے کہ وہ انتخاب میں حصہ لے سکیں۔وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان نے امریکا، برطانیہ سمیت دنیا کے کئی ممالک کو اسلحہ فروخت کیا ہے۔ شمس النساء کے سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین نے بتایا کہ 2014ء میں امریکا کو ایس ایم جی، ایم پی فائیو کی 520 اور ایس ایم جی پی کے 150 گنیں فروخت کی گئیں۔ کینیا کو جی تھری اے تھری 3000 گنیں فروخت کی گئیں۔ 2015ء میں امریکا کو ایس ایم جی پی کی 350گنیں، ایس ایم جی ایم پی فائیو 185گنیں امریکا کو فروخت کی گئیں۔قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ چکدرہ، مینگورہ، فتح پور شاہراہ پر کام سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے تعاون سے رواں سال شروع کردیا جائے گا۔ نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ سوات موٹروے کی تعمیر سے متعلق این ایچ اے کے زیر غور کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ چکدرہ‘ مینگورہ‘ فتح پور پر اس سال کام شروع کردیا جائے گا۔ یہ سیکشن سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے تعاون سے تعمیر ہوگا اور اس پر تین کروڑ 39 لاکھ ڈالر لاگت آگے گی۔ 3 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کے پی سی ون کی منظوری دی جاچکی ہے۔ قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے ایل پی جی ایئرمکس پلانٹس کی تنصیب کیلئے بلوچستان کے لئے 22 ٹائونز کی نشاندہی کی ہے۔ محترمہ نسیمہ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم و قدرتی وسائل شہزادی عمرزادی ٹوانہ نے بتایا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے ایل پی جی ایئر مکس پلانٹس کی تنصیب کے لئے صوبہ بلوچستان میں 22 عدد ٹائونز کی نشاندہی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال سے اپنے وسائل سے آواران اور بیلا میں تنصیب کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ پی ایس او نے قطر گیس کے ساتھ این ایل جی فروخت اور خرید کے معاہدہ کو حتمی شکل دیدی ہے۔ ای سی سی سے منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد ہوگا۔ ایوان کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں ڈیزل کی یومیہ کھپت 19 ہزار 900 میٹرک ٹن اور پٹرول کی 15ہزار 85 میٹرک ٹن ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ ٹیکس کے بغیر پٹرول کی فی لٹر قیمت 51 روپے 94پیسے جبکہ ڈیزل کی 41 روپے 54 پیسے فی لٹر ہے۔
تازہ ترین