اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل اظہر محمود کیانی نے کہا ہے کہ نیشنل پریس کلب راولپنڈی اسلام آباد کے تمام ممبران کادل کے امراض کا مفت علاج کیا جائے گا۔ صحافیوں سے کسی طرح کے چارجز وصول نہیں کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں نیشنل پریس کلب کے نومنتخب ارکان اور راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر سردار عبدالحمید کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں نومنتخب ارکان نیشنل پریس کلب رانا زاہد حسین، بشیر عثمانی ، نثار احمد، چوہدری قربان، شمیم آراء، ملک صدیق، جاوید اقبال، ایڈیٹرز کونسل کے چیئرمین راجہ کفیل احمد، کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر اعجاز عباسی، نثار تبسم، قربان ستی، دوریز کیانی ، عبدالواحد اور دیگر صحافی شامل تھے۔ جنرل اظہر کیانی نے وفد کو یقین دلایا کہ جو بھی صحافی عارضہ قلب میں مبتلا ہو (آر آئی سی) اس کا مفت علاج کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دل کی بیماریوں سمیت دیگر امراض سے بچائو سے آگاہی کے لئے مختلف مواقع پر خصوصی سیمینار زکا اہتمام کیا جائے گا۔