• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راہداری کا مغربی روٹ دسمبر 2016ء میں آپریشنل ہوجائیگا، احسن اقبال

کراچی (جنگ نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ دسمبر 2016ء میں آپریشنل ہوجائے گا، مشرقی روٹ کو مکمل ہونے میں تین سال کا وقت لگے گا،اقتصادی راہداری کا روٹ تبدیل کرنے کی بات غلط فہمی کی بنیاد پر کی جارہی ہے، انٹرنیٹ پر غلط نقشوں کے ذریعے راہداری سے متعلق مہم چلائی گئی، اقتصادی راہداری پر تحفظات میں سیاسی مصلحتیں زیادہ نظر آرہی ہیں،پرویز خٹک کا یہ تاثر درست نہیں کہ انہیں اقتصادی راہداری پر کچھ علم نہیں ہے، پرویز خٹک کو کہا ہے اپنے تحفظات کا اظہار میڈیا کے بجائے متعلقہ فورمز پر کریں، گوادر کے مقامی بلوچوں کے مسائل کا حل مل کر تلاش کریں گے، بلوچوں کے سیاسی حقوق غضب نہیں ہونے دیں گے، گوادر کے ماہی گیروں کو متبادل جگہ اور روزگار میں جدت دینے میں مدد کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے پاک چائنا اقتصادی راہداری سے متعلق خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری سے متعلق کچھ غلط فہمیاں ہیں جس کی وجہ سے تحفظات جنم لے رہے ہیں، پہلی غلط فہمی یہ ہے کہ اقتصادی راہداری کا روٹ تبدیل کردیا گیا ہے، پاکستان اور چین کے متفقہ روٹ میں ایک انچ تبدیلی بھی ثابت ہوجائے تو ہر سزا قبول ہے، 2013ء میں وزیراعظم کے پہلے دورئہ چین کے موقع پر پاک چائنا اقتصادی راہداری کیلئے ایم او یو پر دستخط ہوئے، 2013ء سے پہلے اقتصادی راہداری کا کوئی تسلیم شدہ روٹ نہیں تھا جس میں تبدیلی کی گئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو غلط فہمی ہے چینی حکومت نے 46ارب ڈالر پاکستانی حکومت کے خزانے میں جمع کرادیئے ہیں اور وفاقی حکومت وہ رقم صوبوں میں تقسیم نہیں کررہی ہے، چین کی طرف سے مختلف شعبوں میں 46ارب ڈالر سرمایہ کاری کا پیکیج دیا گیا ہے، پشاور اور کوئٹہ سے دو کوریڈور افغانستان اور سینٹرل ایشیا کو جوڑیں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اقتصادی راہداری پر تحفظات میں سیاسی مصلحتیں زیادہ نظر آرہی ہیں، اختر مینگل کے نکتہ نظر سے متفق ہیں اور اس کا حل نکالیں گے، پرویز خٹک کا یہ تاثر درست نہیں کہ انہیں اقتصادی راہداری پر کچھ علم نہیں ہے، 12نومبر 2015ء کو اقتصادی راہداری پر جے سی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے تمام وزرائے اعلیٰ کو خط لکھا، خیبرپختونخوا نے اجلاس میں کسی وزیر کو بھیجنے کے بجائے پارلیمانی سیکرٹری کو بھیجا۔ وزیر منصوبہ بندی نے پروگرام میں اقتصادی راہداری کا متفقہ نقشہ بھی دکھایا جس میں مغربی، مشرقی اور وسطی تینوں روٹس دکھائے گئے تھے۔
تازہ ترین