لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کہا ہے کہ ٹرمپ اور مودی کی خوشنودی کیلئے حافظ سعید کو نظر بند کرنے والے حکمران میر جعفر اور میر صادق کا انجام یاد رکھیں۔ حافظ سعید کو نظر بند کرکے حکمرانوں نے ٹرمپ کو یقین دلا دیا ہے کہ وہ اس کے احکامات پر آنکھیں بند کرکے عمل کریں گے ۔ ٹرمپ کے آنے سے مشرف ایک بار پھر متحرک ہوگئے ہیں اور دبئی میں لوگوں کو بلا کر ملک کی تقدیر بدلنے کے دعوے کئے جارہے ہیں ۔وہ کونسا اختیار تھا جو مشرف کے پاس نہیں تھا مگر انہوں نے پاکستان کو امریکی اصطبل اوردنیا بھر کی سراغ رساں اور تخریب کار ایجنسیوں کیلئے خالہ جی کا گھر بنائے رکھا ،جس سے دہشت گردی اور بد امنی کے تحفے ملے ۔حکمرانوں نے توہین رسالت کے قانون میں ترمیم کا خیال دل سے نہ نکالاتوبیس کروڑ عاشقان مصطفی ﷺ غازی علم دین اور غازی ممتاز قادری شہیدکے نقش قدم پر چلنے کیلئے تیار ہیں۔ پاکستانیوں اور قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کو امریکہ کے ہاتھ فروخت کیا، لیکن اب بہت جلد امریکی غلاموں کا دور ختم اور محمد ﷺ کے غلاموں کا دور شروع ہونے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عالمی استعمار اسلام اور مسلمانوں کے خلاف متحدہورہا ہے لیکن افسوس آج دنیا میں کوئی اسلامی حکومت یا شخصیت ایسی نہیں جو امت کی نمائندگی کرے ۔دشمن کی کوشش ہے کہ مسلمان آپس میں لڑیں ،عالم اسلام انتشار کا شکار ہواور اسلام کے بڑھتے ہوئے قدم رک جائیں مگر ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہرے احتساب کے نام سے تھر تھر کانپ رہے ہیں ،جب بھی حقیقی احتساب ہوا ایوانوں میں بیٹھے بڑے بڑے مگر مچھ جیلوں میں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے آئین کی دفعہ 62/63پر عملدرآمدکرنے کی بجائے اسے مذاق بنا رکھا ہے۔