لاہور(نمائندہ جنگ،ایجنسیاں)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جمہوریت اور سیاست کیلئے بہتر یہی ہے کہ سب اپنی حدود میں رہیں ۔ ریلوےکومکمل ٹھیک کرنے میں 15سال لگیں گے، سیاست پر بات کریں چور ڈاکو کہنا چھوڑ دیں ۔پاکستان تحریک انصاف نے خود کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ حکومت کا بھی وقت ضائع کیا۔ پاکستان ریلوے میں تمام لوکوموٹیو6ٹریکشن موٹرز پر چل رہے ہیں ۔جس کی وجہ سے انجن فیل ہونے کے واقعات کم ہو چکے ہیں۔ریلوےکومکمل ٹھیک کرنے میں 15سال لگیں گے۔ریلوے کی اکانومی کلاس کو سیٹنڈرڈز اے سی میں تبدیل کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے جس پر 5سے7سال لگیں گے۔ وہ ہفتہ کو رائیونڈ ریلوے اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل، رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر، رکن صوبائی اسمبلی چودھری گلزار، چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے جاوید انور سمیت دیگر ریلوے حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کو اب بڑی حد تک صبر آ گیا ہے لیکن اگر وہ دوبارہ اس طرح کی سیاست شروع کرینگے تو اس کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔