اسلام آباد (خصوصی تجزیہ نگار) سیاسی اُمور کے لیے وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی ڈاکٹر سید آصف سعید کرمانی نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے کہا ہے کہ وہ نواز شریف پر بے سروپا نکتہ چینی کرنے سے قبل آزادکشمیر میں ان سے بھیک میں مانگی قانون ساز اسمبلی کی دو نشستیں خالی کر دیں، اُنہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال کے اواخر میں جب آزادکشمیر کے انتخابات میں جماعت اسلامی کا صفایا ہو گیا تھا تو یہ نواز شریف ہی تھے جن سے جماعت اسلامی نے دست بستہ دو نشستیں حاصل کیں اگر نواز شریف آج انہیں بہت برے لگ رہے ہیں تو اخلاقی طور پر انہیں سب سے پہلے ان کی عطا کردہ نشستوں کو خالی کر دینا چاہیے تاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے کارکنوں کو وہاں سے اسمبلی کے لیے منتخب کرا سکے، ڈاکٹر سید آصف سعید کرمانی نے اس امر پر گہرے افسوس کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کے امیر نے غیر ذمہ دارانہ سیاسی افراد کے غول میں رہ کر اپنی زبان اور سوچ بھی خراب کرلی ہے، ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ سراج الحق نےوہ اپنی ان کوششوں سے فاضل عدالت اور عوام کو گمراہ کرنا چاہتے تھے جس میں انہیں بری طرح ناکامی ہوئی ہے، وہ بے بنیاد پروپیگنڈے سے اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتے، ڈاکٹر سید آصف سعید کرمانی نے اس امر پر بھی تاسف کا اظہار کیا کہ سراج الحق اپنی جماعت کے بانی مولانا ابوالاعلیٰ مودودی کے ساتھ بھی زیادتی کے مرتکب ہو رہے ہیں جنہوں نے کبھی غیرمعیاری زبان استعمال نہیں کی اور نہ ہی کبھی ایسے لوگوں کے ساتھ سیاسی الحاق کیا جن کا دامن داغدار تھا، وہ جماعت اسلامی کی سیاسی فکر سے انحراف کے مرتکب ہو رہے ہیں۔