اسلام آباد(جنگ نیوز) چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے بحریہ دسترخوان پراجیکٹ کے ساتھ اپنی ذاتی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئےکہا ہے کہ بحریہ دسترخوان کو بحریہ ٹائون پاکستان کی انسان دوستی اور مثبت سوچ کا مظہرہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیض آباد اسلام آباد میں دسترخوان کا افتتاح چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے کیا۔واضح رہے کہ دو نئے بحریہ دسترخوان کا افتتاح فیض آباد اسلام آباد اور قلعہ دیوان سنگھ ضلع اوکاڑہ میں کر دیا گیا ہے۔ ایک سادہ و پروقار تقریب افتتاح میں بحریہ ٹائون راولپنڈی، اسلام آباد کی مینجمنٹ ، بحریہ دسترخوان کی ٹیم اور جڑواں شہروں کی معروف سماجی شخصیات نے شرکت کی۔افتتاح کے موقع پر خطاب کے دوران ملک ریاض حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بحریہ ٹائون کو ایک بہتر پاکستان کی تعمیرکے عظیم مقصد میں کامیابی عطا فرمائے۔ـ ملک ریاض حسین نے بحریہ دسترخوان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔بحریہ دسترخوان، بحریہ ٹائون پاکستان کا ایک ویلفیئر پراجیکٹ ہے جس کے تحت پاکستان کے 12شہروں میں متعدد مقامات پردو وقت کے مفت کھانے کا انتظام کیا جاتا ہے۔ سال کے 365دن بحریہ دسترخوان سے مستفید ہونے والے لاکھوں افراد کے لیے بحریہ دسترخوان کسی نعمت سے کم نہیں۔ فیض آباد دسترخوان کے افتتاح کے موقع پر عام لوگوں نے بحریہ دسترخوان، بحریہ ٹائون پاکستان اور ملک ریاض حسین کے لیے دعائوں کے ساتھ نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔اسی طرح قلعہ دیوان سنگھ ضلع اوکاڑہ میںبھی نئے بحریہ دسترخوان کا افتتاح کے موقع پر ایک سادہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر بحریہ دسترخوان کی کامیابی اور وطنِ عزیز کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کرائی گئیں۔