کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان کے وکلاء رہنماؤں نے کہا ہے کہ سانحہ 8 اگست میں ملک کی تاریخ میں سب سے بڑا درد ناک اور خوفناک واقعہ ہوا جس میں بلوچستان کے اعلیٰ تعلیم یافتہ طبقہ کو نشانہ بنایاگیا آسٹریلوی حکومت بلوچستان کے اس نقصان کو پورے کرنے کیلئے بھرپور تعاون کرے اور جونیئر وکلاء کیلئے ٹریننگ یا دیگر کورسس کا انعقاد کرے تاکہ جو نقصان ہوا اس کا ازالہ جلد ہو سکے ۔ان خیالات کا اظہار آسٹریلین ہائی کمشنر مارگٹ اینڈ سٹن نے اپنے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز بلوچستان ہائی کورٹ میں سانحہ 8 اگست میں شہید ہونے والے وکلاء کے لیے فاتحہ خوانی اور اظہار ہمدردی کیلئے پہنچی۔ اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ ترین ‘ نائب صدر باسط شاہ ‘ سپریم کورٹ کے وکیل وسیم جدون نے ان کا استقبال کیا اور آسٹریلین ہائی کمیشن نے اس موقع پر وکلاء سے اظہار ہمدردی کیا۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے سانحہ 8 اگست کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلین حکومت اور عوام بلوچستان کے وکلاء کے غم میں برابر کی شریک ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔