راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)انتخابات 2018ء کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نےپولنگ اسٹیشنز کی جیو ٹیکنگ شروع کردی ہے۔راولپنڈی کے 21 سوکے قریب پولنگ اسٹیشز ہیں۔جیو ٹیکنگ کے بعد ووٹرز کو موبائل اپیلیکیشنز کے ذریعے اپنے پولنگ اسٹیشن کو ڈھونڈنے میں سہولت ہوگی۔جیو ٹیکنگ کیلئے یورپی یونین کا ایک ادارہ آئی ایف ای اس تعاون کررہا ہے۔راولپنڈی الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق جیو ٹیکنگ پر تین ماہ کا عرصہ لگے گا۔انہوں نے بتایا جیو ٹیکنگ موبائل ایپلیکیشنز اس وقت سروے کرنے والے افسران استعمال کررہے ہیں۔جس کو سروے مکمل ہونے کے بعد آئندہ انتخابات میں عوام کیلئے اوپن کردیا جائے گا۔ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری کے بعد انتخابی حلقوں میں ردوبدل ہوگا۔اس وقت ایک قومی اسمبلی حلقہ تقریبا پانچ لاکھ جبکہ صوبائی حلقہ تقریبا ڈھائی لاکھ ووٹرز پر مشتمل ہے۔انہوں نے بتایا کہ مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں ہوں گی۔جس کے بعد ووٹرز لسٹوں کی اپ گریڈیشن کا کام ہوگا۔