اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، اصلاحات و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ علمی و ادبی ادارے ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارے قوم کے نظریاتی مورچوں کا درجہ رکھتے ہیں، یہ بات انہوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں بدھ کو دی جانے والی ایک خصوصی بریفنگ میں کہی جس کا اہتمام ڈویژن کے سربراہ اور وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کیا تھا۔ خصوصی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی کو ڈویژن کے جاری منصوبوں کی رفتار سے آگاہ کیا گیا اور اگلے مالی سال کیلئے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا کہ علمی و ادبی اداروں میں نئی روح پھونکنے کیلئے انتہائی سرگرمی سے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ڈویژن کے تجویز کردہ منصوبوں کیلئے ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں دونوں وفاقی وزراءکے علاوہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے وفاقی سیکرٹری انجینئر عامر حسن، وزارت منصوبہ بندی کے مشیر شیخ آصف، جوائنٹ سیکرٹریز سید جنید اخلاق، مشہود احمد مرزا اور مختلف علمی اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔