بہاولپور(سٹی رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر نے کہا ہے کہ بہاولپور کے صفائی ستھرائی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور مینول سے مکینکل طریقہ کار پر منتقل کرکے کم وقت میں بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں،اس طریقہ کار سے نہ صرف وقت کی بچت ہو گی بلکہ صفائی ستھرائی کی سہولیات کی تیز تر فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی،انہوں نے یہ بات 6 نئے جدید کمپیکٹرز گاڑیوں کی کمپنی فلیٹ میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران کہی،انہوں نے بتایا کہ بہاولپور کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے8کیوبک میٹر کے 12کمپیکٹرز کی خریداری کی گئی تھی جن میں سے8 کمپیکٹرز گذشتہ سال سے کام کر رہے ہیں جبکہ نئے آنے والے مزید4 کمیپیکٹرز سے ان کی تعداد مکمل ہو گئی ہے جبکہ 13 کیوبک میٹر کے 2کمپیکٹرز کی آمد سے سسٹم میں شا مل ہونے سے کمپیکٹرز کی مجموعی تعداد 14 ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید مشینری کی شمولیت سے بہاولپور شہر کے صفائی ستھرائی کے نظام میں جدت کے ساتھ ساتھ واضع بہتری نظر آئے گی۔