• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیہون دھماکے میں 40افراد شہید ہوئے: ترجمان ایدھی سینٹر

Blast At The Shrine Of Hazrat Lal Shahbaz Qalandar More Than 30 People Killed
ایدھی سینٹر کے ترجمان غلام سرور کا کہنا ہے کہ سیہون شریف کی درگاہ لعل شہباز قلندرؒ میں خود کش دھماکے میں 40افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ سو سے زائد زخمی ہیں،زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت نازک ہے۔

انہوں نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا اس وقت ہوا جب دھمال شروع ہورہا تھا، سیہون کے قریبی تمام علاقوں سے ایمبولینسیں بلوالی گئی ہیں۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ دھماکا مزار کے اندر ہوا، خود کش حملہ آور درگاہ کے گولڈن گیٹ سے داخل ہوا، جس وقت دھماکا ہوا لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

روزنامہ ’جنگ‘ کے نمائندے امداد سومرو کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والوں میں سے زیادہ تر کے شہید ہونے کا خدشہ ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق خود کش حملہ آور حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی درگاہ میں گولڈن گیٹ سے داخل ہوا، دھماکے کے بعد مزار کے احاطے کو عوام کے لیے بند کردیا گیا اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

جمعرات کو مزار پر عموماً معمول سے زیادہ رش ہوتا ہے، دھماکے کے وقت زائرین بڑی تعداد میں موجود تھے، دھماکا ہوتے ہی بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں بھی کئی افراد زخمی ہوئے، جبکہ مزار کے احاطے میں آگ بھی لگ گئی۔

مزار کے قریب کسی بھی قسم کے اسپتال کی سہولت میسر نہ ہونے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد نہ مل سکنے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔

نمائندہ ’جیو نیوز‘ طلحہ ہاشمی کے مطابق لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر ہونے والا دھماکا خودکش ہے۔

نمائندہ ’جیو نیوز‘ ریاض ناریجو کے مطابق پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

’جیو نیوز‘ کے نمائندے کامران رضی کے مطابق لعل شہباز قلندر کی درگاہ کے قریب دھماکے کے بعد دادو ،حیدرآباد اور جامشورو کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جہاں زخمیوں کو منتقل کیا جارہا ہے۔
تازہ ترین