چارسدہ (نمائندہ جنگ) جمعیت علمائے اسلام یونین کونسل ایم سی تھری کے جنرل سیکرٹری اور ختم نبوت کے مقامی رہنماء حاجی کلیم اللہ موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے جاں بحق، تھانہ پڑانگ کی حدود بہلول خیل میں دن دیہاڑے نامعلوم افراد نے گھر کے سامنے گولی مار کر قتل کر دیا، اہل علاقہ نے لاش کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال چارسدہ منتقل کردیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد اسے ورثا کے حوالے کردیا گیا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جے یوآئی کے سیکڑوں کارکن ڈی ایچ کیو اسپتال چارسدہ پہنچ گئے،مذہبی حلقوں میں واقعہ کے حوالے سے شدید تشویش اور غصے کی لہر دوڑ گئی، ممبر قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور واضح کیا کہ دن دیہاڑے ایک شریف شہری اور مذہبی رہنماء کو گھر سے بلا کر قتل کیا گیا اور ملزمان بڑی آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، انہوں نے کہاکہ واقعہ ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کیلئے ایک چیلنج ہے کہ امن و امان کی اس ابتر صورتحال کا نوٹس لیں۔