برسلز (نمائندہ جنگ) ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر نے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کے ساتھ ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں اوورسیز میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل پر بات چیت کی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کی مٹی سے بہت پیار کرتے ہیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں مگر اوورسیز میں بے شمار مسائل اور مشکلات کے باوجود تارکین وطن ملک میں زرمبادلہ بیچ کر ملکی معیشت میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں لیکن جب وہ اپنے ہی ملک میں آتے ہیں تو ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے سیکرٹری خارجہ کو ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کی یورپ میں سرگرمیوں پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت فیڈریشن یورپ کے28ممالک میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے دیرینہ مسائل کے حل اور پاکستان و کشمیر کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے لیے یورپی پارلیمنٹس میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے سیکرٹری خارجہ کو ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کی جانب سے برسلز پارلیمنٹ اور یورپی پارلیمنٹ دورہ کرنے کی دعوت دی۔ مزید برآں چوہدری پرویز اقبال لوسرنے سیکرٹری خارجہ اعزاز اے چوہدری کو امریکہ میں سفیر تعینات ہونے پر اپنی اور فیڈریشن کی جانب سے مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اعزاز اے چوہدری پاک، امریکہ دوستی میں اہم کردار ادا کریں گے۔