شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے )کمشنر لاہور ڈویژن نے میونسپل کمیٹی خانقاہ ڈوگراں کے چیئرمین حاجی علی اکبر ڈوگر کی رپورٹ پر تحقیقات کی ہدایت جاری کردی ہے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سابقہ ٹی ایم او اور دیگر عملہ کے خلاف لگائے جانیوالے الزامات کی تحقیقات کرکے اسکی رپورٹ دی جائے ، چیئرمین حاجی علی اکبر ڈوگر کی طرف سے تحریری رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر لاہور ڈویژن کو بھیجی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ میونسپل کمیٹی خانقاہ ڈوگراں سے ملازمین کی سروس بک اورپرسنل فائلوں سمیت اہم ریکارڈ غائب ہے اور میونسپل کمیٹی خانقاہ ڈوگراں کے اثاثوں کی جو فہرست تیار کی گئی ہے وہ جھوٹ پر مبنی ہے سابقہ ٹی ایم اے میں بعض لوگوں نے کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا تھا جس کا سپیشل آڈٹ نہ ہونے کے باعث کرپشن مافیا کے حوصلے بڑھ جائیں گے، دریں اثناء سابقہ ٹی ایم اے کے ذرائع نے الزامات کی تصدیق نہ کی ہے۔