• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت تمام سفارتخانوں کو ڈپلومیٹک انکلیو میں پلاٹ الاٹ کرے، چوہدری شجاعت

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد کی جانب سے غیرملکی سفارتخانوں کو موجودہ مقامات سے منتقلی کیلئے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سفارتخانوں کو ڈپلومیٹک انکلیو میں پلاٹ دئیے بغیر یہ اقدام نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ان تمام سفارتخانوں کو ڈپلومیٹک انکلیو میں پلاٹ الاٹ کرے اور پھر ان کو عمارتوں کی تعمیر کیلئے مناسب وقت دے اور اس وقت تک انہیں موجودہ مقامات پر کام کرنے دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے اعلیٰ افسروں سمیت 60فیصد کے لگ بھگ ملازمین کے اسلام آباد میں اپنے دو دو مکانات ہیں جن میں سے ایک میں خود رہتے ہیں جبکہ دوسرا کرائے پر دے رکھا ہے جبکہ ایسے ملازمین بھی ہیں جو اپنے مکان کرایہ پر دے کر خود سرکاری رہائش گاہوں میں مقیم ہیں لیکن انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے اس ناجائز دبائو کے بعد غیرملکی سفارتخانوں کے پاس اور کوئی فوری حل نہیں کہ وہ اسلام آباد میں کام بند کر دیں یا کسی اور شہر میں اپنے سفارتخانے قائم کر لیں۔
تازہ ترین