• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما کیس کی سماعت آج ہوگی،نیب نے حدیبیہ ریفرنس کا ریکارڈ جمع کرادیا

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ آج بروز منگل ’’ پاناما پیپرز لیکس ‘‘کیس کی سماعت کرے گی، جبکہ نیب نے حدیبیہ ریفرنس کا ریکارڈ عدالت میں جمع کرادیا، ریکارڈ نیب کے پراسکیوٹر وقاص قدیر کے ذریعے جمع کرایا گیاہے، آج چیئرمین ایف بی آر بھی پیش ہونگے،  جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بنچ مقدمہ کی سماعت کرے گا،واضح رہے 16 فرو ری کو پچھلی سماعت کے دوران عدالت نے چیئرمین نیب اور چیئرمین ایف بی آر کو آج عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے اور شریف خاندان کے خلا ف منی لانڈرنگ اور حدیبیہ پیپر ملز کے مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنےکا حکم جاری کیا تھا۔دریں اثنا  عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت ’’پاناما پیپرز لیکس‘‘ کیس میں نیب کی جانب سے شریف خاندان کے  حوالہ سے نیب کے حدیبیہ پیپرز ملزم ریفرنس و رائے ونڈ محلات سے متعلق کیس کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے، سوموار کے روز  ریکارڈ نیب  کے پراسکیوٹر جنرل وقا ص قدیر ڈار کے ذریعے جمع کرایا گیا ہے۔یاد رہے کہ جنرل پرویز مشرف کے دور کے چیئر مین نیب لیفٹیننٹ جنرل خالد مقبول نے احتساب عدالت میں یہ ریفرنسز جمع کروائے تھے جن میں الزام تھا کہ شریف خاندان نے غیر قانونی ذرائع سے ایک ارب روپےسے زائد کی رقوم  حاصل کی تھیں، جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے انہیں بری کردیا تھا، لیکن نیب نے اس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج نہیں کیا تھا، اس حوالہ سے ہی فاضل عدالت نے چیئرمین نیب کو طلب کررکھا ہے، دوسری جانب پانامہ پیپرز لیکس میں آنے والے پاکستانیوں کے ناموں سے متعلق تحقیقات کے حوالہ سے وضاحت کے لئے چیئر مین ایف بی آر کو طلب کررکھا ہے۔ ٗ چیئرمین نیب چوہدری قمر الزمان پانامہ کیس مقدمہ میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بنچ کے سامنے پیش ہوں گے۔ جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے چیئرمین نیب کو تمام متعلقہ ریکارڈ کے ہمراہ طلب کر رکھا ہے۔
تازہ ترین