راولپنڈی(خصوصی نمائندہ) چیئرمین میٹروبس سروس و پنجاب سپورٹس بورڈ محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی میڈیکل کالج و الائیڈ ہاسپٹلز بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اسلم , پرنسپل ڈاکٹر محمد عمرکے ہمراہ بینظیر ہسپتال راولپنڈی میں سکن ڈیپارٹمنٹ اور بچوں کے لیئے ایمرجنسی و شعبہ انتہائی نگہداشت کا افتتاح کیا ۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی میں بینظیر بھٹو ہسپتال کے طبی منصوبوں پر ایک ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں اور جدید ترین سہولیات کی فراہمی سے راولپنڈی کے شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ بینظیر بھٹو ہسپتال کے علاوہ ہولی فیملی ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں بھی توسیعی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں ۔ڈاکٹر محمد اسلم نے کہا کہ مخیر افراد کے تعاون سے راولپنڈی کے ہسپتالوں میں اضافی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ پروفیسر محمد عمر نے کہا کہ ہسپتالوں میں ایسے منصوبوں پر کام کیا گیا ہے جن کے مریضوں کے علاوہ ڈاکٹروں کو بھی پیشہ ورانہ خدمات کی فراہمی میں بھی سہولت میسر آ رہی ہے ۔