سیالکوٹ / (نمائندگان جنگ) سیالکوت ، ملتان ، بہاولپور اور خانیوال میں جماعت الدعوۃ نے وزیر دفاع خواجہ آصف کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور بھارتی پرچم جلائے ۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں جماعت دعوة کے کارکنان اور عہدیدران نے جرمنی میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی جانب سے ایک بیان میں امیر جماعت دعوة حافظ محمد سعید کو معاشرے کے لئے خطرہ قرار دینے کے خلاف احتجا جی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرےسے خطاب کرتے ہوئے رہنما ئوں اور مقررین نے کہا کہ مودی اور امریکی صدر کسی صورت میں پاکستان کے ہمددر نہیں ہوسکتے مگر ہمارے حکمران ان کی دوستی کے لئے پریشان حال رہتے ہیں ۔ مقررین نے حافظ محمد سعید پر تنقید کرنے پروفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کی دیگرقیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ خواجہ محمد آصف نے ایسا بیان جاری کرکے بھارت کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور امریکہ اس بیان پرخوشی کا اظہا ر نہ کریں کیونکہ یہ بیان پاکستانی عوام کا ترجمان قطعی نہیں ۔ سینکڑوں مظاہرین پر مشتمل احتجاجی ریلی پرچم لہراتی اور نعرے لگاتی علامہ اقبال چوک سے شرو ع ہو کرپیرس روڈ پر مسلم لیگ ن کے دفتر کے سامنے پہنچی تو پولیس کی بھاری نفری نے پاکستان مسلم لیگ کے دفتر کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔ علاوہ ازیں جماعت الدعوۃ اور تحریک آزادی جموں کشمیر کی طرف سے حافظ محمد سعید کے متعلق خواجہ آصف کے متنازعہ بیان کے خلاف جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان،بہاولپور اور خانیوال میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔بہاولپور اور خانیوال میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے ہوئے۔