کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورہ نیوزی لینڈ اور آ سٹریلیا کے لئے انڈر18 ہاکی ٹیم کے دو روزہ ٹرائلز جمعرات کو ایدھی اسٹیڈیم میں مکمل ہوگئے، چیف سلیکٹر رشید جونیئر حتمی روز بھی ٹرائلز دیکھنے نہیں آئے، کمیٹی کے ارکان فرحت خان، وسیم فیروز اور قاسم خان ، ہیڈ کو چ کامران اشرف نے ٹرائلز دیکھے۔ 20 کھلاڑیوں کے نام منظوری کے لئے پی ایچ ایف کو بھیج دیاگیا ہے جس کا اعلان ایک دو روز میں کردیا جائے گا۔قومی انڈر18 ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ 28 فروری کو ختم ہوگا جس کے بعد مارچ کے وسط میں دوبارہ کیمپ کراچی میں ہی شروع ہوگا۔ قومی ٹیم چھ اپریل کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔ دریں اثنا پی ایچ ایف کے سکریٹری شہباز احمد نے کہا ہے کہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم دورہ نیوزی لینڈ اور آ سٹریلیا میں میچز کھیلنے کے بعد چار ماہ آ سٹریلیا میں ٹریننگ کرے گی، جمعرات کو ایدھی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جونیئر ہاکی ٹیم آسٹریلیا کی جونیئر ہاکی چیمپئن شپ میں حصہ لے گی جس کے بعد نئے کھلاڑیوں کو مستقبل کے حوالے سے تیار کرنے کے لئے آسٹریلیا میں رکھا جائے گا جہاں کھلاڑی آسٹریلیا کی لیگ ہاکی میں شرکت کے علاوہ سخت تربیت بھی کرے گی، جس کا مقصد ان کو آنے والے وقتوں کے لئے سنیئر ٹیم کے لئے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ کے لئے 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ سینئر ٹیم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ سے قبل قومی ٹیم نیوزی لینڈ ، آ سٹریلیا کے دورہ کرے گی ، فیڈریشن کوشش کررہی ہے کہ مزید غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ اس کی سیریز کا انتظام کیا جائے ۔