شیخوپورہ(نمائندہ جنگ)معلوم ہوا ہے کہ لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے اوورسیز پاکستانی کمیشن کے ذریعے بھیجی جانے والی درخواستوں کی تعداد 1329 ہو گئی ہے۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ضلع میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ضلع شیخوپورہ میں اس کمیٹی کے چیئرمین پیر اشرف رسول ایم پی اے ہیں۔ لاہور ڈویژن میں آنے والی 1329شکایات میں سے 519شکایات کو ختم کردیا گیا ہے جن میں زمینوں پر قبضے اور بیرون ملک مقیم محنت کشوں کے خاندانوں کو تنگ کرنے وغیرہ کی شکایات شامل ہیں ان میں سے 4سو کے لگ بھگ شکایات 2ماہ سے زیر سماعت ہیںجبکہ 190 درخواستیں تین ماہ سے زیر سماعت ہیں اور 38 درخواستیں ایسی ہیں جن پر ایک سال سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور بیرون ملک رہنے والے درخواست گزاروںمیں سے کئی محنت کش اس بارے میں یاددہانی کے خط بھی لکھ چکے ہیں اس طرح مجموعی طور پر ایسی پینڈنگ درخواستوں کی تعداد 628ہوچکی ہے۔ یاد رہے کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن ایکٹ 2014ء کے تحت ایسی درخواستوں پر 30روز میں کارروائی کرنا ضروری ہوتا ہے ۔