• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان کو پاکستانی صوبہ بنانے کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی

لوٹن (نمائندہ جنگ)حکومت پاکستان نے اگر گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنانے کی کوشش کی تو جے کے ایل ایف بھرپور مزاحمت کرے گا۔ایسے کسی بھی اقدام سے مسئلہ کشمیر کی عالمی حیثیت متاثرہوگی۔ان خیالات کا اظہار جے کے ایل ایف لوٹن کے صدر راجہ کمان افسر کی زیرصدارت فرنٹ لوٹن کے ایک ہنگامی اجلاس میں برانچ اور برطانیہ کے موجودہ اور سابق عہدیداروں نے کیا۔سابق صدور برطانیہ لطیف ملک، حاجی راجہ رئوف خان، صدر لوٹن راجہ کمان افسر، نائب صدر چوہدری محمد رفیق، سابق صدر لوٹن قاری راجہ عجائب، سابق صدر بشیر بزام، ظفر جونیئر اور بزرگ رہنما خواجہ لطیف نے کہا کہ یہ اطلاعات نہایت تشویشناک ہیں کہ پاکستان گلگت بلتستان کو مکمل صوبہ بنانے کے اقدامات کررہا ہے۔ فرنٹ کے رہنمائوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنادیا تو پھر اس علاقے کے لوگ رائے شماری میں ووٹ ہی نہیں ڈال سکیں گے کیونکہ پھر یہ کشمیری ہی تصور نہیں ہوں گے۔ اس سے مسئلہ کشمیر کی عالمی حیثیت متاثر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پر پاکستان اور آزاد کشمیر کی اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں جن کے مطابق بھی یہ علاقے ریاست جموں و کشمیر کا حصہ ہیں۔
تازہ ترین